کابینہ میں تبدیلی خیبرپختونخوا میں جمہوری عمل اور بانی پی ٹی آئی کے وژن کی تکمیل ہے، بیرسٹر سیف

کابینہ میں تبدیلی خیبرپختونخوا میں جمہوری عمل اور بانی پی ٹی آئی کے وژن کی تکمیل ہے، بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا، بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں حالیہ ردوبدل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے وژن کو آگے بڑھانے کے لیے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں تبدیلی ایک مثبت اور جمہوری عمل ہے جو حکومتی کارکردگی کو مزید موثر بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ سیاسی مخالفین جو اس ردوبدل پر اعتراضات کرتے ہیں، درحقیقت عمران خان کے وژن کے خلاف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا، علی امین گنڈا پور کو حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی خصوصی ہدایت دی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کابینہ میں ردوبدل کا اختیار دیا ہے، جو کہ حکومتی اصلاحات اور عوامی خدمت کے فروغ کے لیے ضروری تھا۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کابینہ میں ردوبدل وزیر اعلیٰ کا صوابدیدی اختیار ہے اور وہ کسی بھی وقت اپنی ٹیم کو بہتر بنانے کے لیے تبدیلی کر سکتے ہیں۔ موجودہ حالات میں بہترین ٹیم تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبرپختونخوا کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیا گیا، جس کے تحت متعدد وزراء اور معاون خصوصی کے محکمے تبدیل کر دیے گئے ہیں۔

Scroll to Top