اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے چیف جسٹس آف پاکستان کے ساتھ براہِ راست ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں سپریم کورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کی ہے۔
وی نیوز کے مطابق درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ اور ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کے لیے ضروری ہے کہ اُنہیں چیف جسٹس کا وقت دیا جائے تاکہ وہ صوبے کے اہم اور سنگین معاملات براہِ راست پیش کر سکیں۔
درخواست میں علی امین گنڈا پور نے مؤقف اپنایا ہے کہ وہ صوبے کے انتظامی معاملات پر بانی پاکستان تحریک انصاف سے مشاورت کے پابند ہیںتاہم بانی پی ٹی آئی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ماضی میں ملاقاتوں کی اجازت دی تھی، مگر چند ملاقاتوں کے بعد سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے مزید ملاقات فراہم کرنے سے انکار کر دیا اور توہینِ عدالت کی درخواست بھی کامیابی نہیں حاصل کر سکی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا کو اس وقت سنگین معاشی و قانونی چیلنجز اور امن و امان کے مسائل کا سامنا ہے۔ پنجاب کی جانب سے بین الصوبائی گندم اور دیگر اجناس کی تجارت روکنے کے باعث مشکلات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فضائی آلودگی کا سب سے بڑا سبب کیا ہے؟ ماہر ماحولیات نے وضاحت کر دی
درخواست میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ میں آئینی درخواست اور چیمبر اپیل پہلے ہی زیر سماعت ہیں، اس لیے چیف جسٹس سے ملاقات ناگزیر ہو چکی ہے۔





