مصر میں آج حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے بالواسطہ مذاکرات شروع ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حماس کا وفد پہلے ہی مصر پہنچ چکا ہے ، امریکی نمائندہ خصوصی سٹیو وٹکاف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔
امریکا نے مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطری اور مصری وفود حماس اور اسرائیل کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کریں گے۔
مذاکرات میں غزہ امن منصوبے پر عملدرآمد، اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا کا ٹائم ٹیبل، فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور دیگر اہم امور پر غور کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے اسرائیل کی گلوبل صمود فلوٹیلا کو روکنے کی کوشش کی سخت مذمت کر دی
یہ مذاکرات خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے اہم قدم سمجھے جا رہے ہیں جس سے غزہ کی صورتحال میں نرمی اور کشیدگی میں کمی کی توقع ہے۔





