نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی دو تاریخی اعزازات حاصل کرنے جا رہے ہیں،وہ نہ صرف صوبے کے کم عمر ترین وزیراعلیٰ ہوں گے،بلکہ قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے پہلے فرد بھی ہوں گے جو اس اعلیٰ ترین منصب تک پہنچیں گے۔
سہیل آفریدی کی عمر اس وقت 36 برس ہے اور وہ وزیراعلی کے عہدے کا حلف اٹھاتے ہیں تو ماضی کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔ اس سے قبل یہ اعزاز سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی کے پاس تھا جنہوں نے 2008 میں 37 سال کی عمر میں خیبرپختونخوا کی وزارتِ اعلیٰ سنبھالی تھی۔
یہ اعزاز بھی محمد سہیل آفریدی کے حصے میں آ رہا ہے کہ وہ سابقہ قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پہلے شخص ہوں گے جو خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ بنیں گے۔ وہ ضلع خیبر سے منتخب ہوئے اور ان کا ڈومیسائل بھی اسی علاقے کا ہے، جو 2018 میں فاٹا انضمام کے بعد خیبرپختونخوا کا باقاعدہ حصہ بنا۔





