افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کی رضاکارانہ مدت ختم ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے سب ڈویژن سریاب میں افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کی رضاکارانہ مدت ختم ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر سریاب مصور احمد نے بتایا کہ کارروائی کے دوران 40 افغان مہاجرین کو گرفتار کیا گیا جبکہ چار دکانیں بھی سیل کر دی گئیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ حکمنامے کی خلاف ورزی کرنے والے مہاجرین کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ اس دوران متعدد افغان مہاجرین کے گھروں کے بجلی کے کنکشن بھی منقطع کیے گئے ہیں تاکہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات وفاقی حکومت کی ہدایات پر کیے جا رہے ہیں تاکہ ملک میں غیر قانونی مہاجرین کی موجودگی کو کنٹرول کیا جا سکے اور ملک کی سیکورٹی کو مضبوط بنایا جا سکے۔





