اسلام آباد:سابق سینیٹر مشتاق احمد نے جماعت اسلامی سے استعفیٰ دیدیاہے۔
انہوں نے بتایا کہ جس رات انہوں نے یہ فیصلہ کیا تھا، وہ رات ان کے لیے جذباتی طور پر انتہائی مشکل تھی اور وہ روتے رہے۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مشتاق احمد خان نے بتایا کہ 19 ستمبر کو صمود فلوٹیلا میں شامل ہونے کے دوران انہوں نے جماعت اسلامی سے دستبرداری کا فیصلہ کیا، تاہم ان کے اور جماعت اسلامی کے درمیان عزت اور احترام کا رشتہ آج بھی قائم ہے۔
مشتاق احمد خان نے کہا کہ وہ اب ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور فلسطین کے حق میں کام جاری رکھیں گے اور انسانی حقوق کے میدان میں اپنی خدمات پیش کریں گے۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ وہ کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستہ نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کو ٹکراؤ کی سیاست کیلئے لایا گیا ہے،شیر افضل مروت
سابق سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ ان کے تعلقات ہمیشہ احترام اور محبت کی بنیاد پر رہے ہیں اور وہ جماعت اسلامی کے احسان مند رہیں گے۔





