پی ٹی آئی کے 19 اراکین رابطے میں ہیں، سہیل آفریدی کو ووٹ نہیں دیں گے، حذیفہ رحمان کا دعویٰ

وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 19 اراکین اسمبلی ان سے رابطے میں ہیں اور انہوں نے خیبرپختونخوا میں متوقع وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

حذیفہ رحمان کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی کی نامزدگی پر نہ صرف حکومت کو بلکہ خود پی ٹی آئی کے اندر بھی شدید اعتراضات ہیں جن میں علی امین گنڈاپور سمیت پارٹی کے دو درجن سے زائد اراکین شامل ہیں۔

انہوں نے خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگرد ناکے لگا کر کھڑے ہوتے ہیں، جہاں سے علی امین گنڈاپور کا تعلق ہے اور اب یہ سہیل آفریدی جیسے شخص کو وزیراعلیٰ بنانے جا رہے ہیں جو دہشتگردوں کے بیانیے کو تقویت دیتا ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے اپنی جماعت کے لیے ایسی سیاسی مائنز بچھا دی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کے لیے آگے کنواں ہے اور پیچھے کھائی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا رات گئے اہم اجلاس، وزارت اعلیٰ کیلئے سہیل آفریدی پر اعتماد کا اظہار

وزیر مملکت حذیفہ رحمان نے مزید کہا کہ اگر پارٹی علی امین کو ہٹاتی ہے تو تحریک انصاف کی حکومت کا خاتمہ یقینی ہے اور نہ ہی پارٹی کے اندر اب انہیں مکمل قبول کیا جا رہا ہے اور نہ ہی کھل کر مسترد کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top