افغانستان کو ہندوستان کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا، محسن نقوی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےکہا ہے کہ اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستانی فورسز چوکس ہیں، افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کو بھی ہندوستان کی طرح منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ کے مطابق افغان فورسز کی جانب سے شہری آبادی پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا’’پاکستانی فورسز نے فوری جواب دے کر ثابت کیا کہ اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پاکستانی فورسز چوکس ہیں، افغانستان کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جارہا ہے۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی طرف سے شروع کیا گیا یہ ’’آگ و خون کا کھیل‘‘ ہمارے ازلی دشمن سے بھی مربوط معلوم ہوتا ہے۔

وزیر داخلہ نے اس معاملے میں پاکستان کے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ کارروائیوں اور سیکیورٹی فورسز کی چوکس کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ملک کے عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ اُن کے بقول سرحدی حدود کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت اور فیصلہ کن ردعمل جاری رہے گا۔

حالیہ واقعات کے دوران کسی جانی نقصان یا بڑی تباہی کے متعلق فی الوقت کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ وفاقی وزیر نے معاملے کو بین الاقوامی قوانین اور سرحدی خودمختاری کے تناظر میں قرار دیا اور واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع اور شہروں و شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

سکیورٹی حلقوں کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے عسکری اور سفارتی چینلز دونوں فعال ہیں اور غیر ضروری تصادم سے بچنے کے لیے روایتی اور بین الاقوامی فورمز پر اپنا موقف رکھاجائے گا۔ تاہم وزیر داخلہ کے الفاظ سے یہ واضح پیغام بھی گیا کہ اگر سرحدی اشتعال انگیزی جاری رہی تو سخت جوابی کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

Scroll to Top