پی ٹی آئی کے بیرون ملک گئے ہوئے اراکین اسمبلی کو فوری طلب کر لیا گیا

خیبرپختونخوا میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پارٹی کے بانی عمران خان کی ہدایت پر نہ صرف صوبے میں موجود قیادت کو متحرک کیا گیا ہے بلکہ بیرون ملک گئے ہوئے اراکین اسمبلی کو بھی فوری طور پر وطن واپس بُلایا گیا ہے تاکہ عددی اکثریت کو یقینی بنایا جا سکے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطابق پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں جن میں جنید اکبر، اسد قیصر، اور بابر سلیم سواتی شامل ہیں، کو خیبرپختونخوا میں حکومت سازی اور وزیراعلیٰ کے انتخاب کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ان رہنماؤں کو پارٹی کو متحد رکھنے، حکمت عملی مرتب کرنے، اور ممبران سے قریبی رابطے قائم رکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم سے مشاورت مکمل ہو چکی ہے اور آئندہ 72 گھنٹوں میں نیا وزیراعلیٰ منتخب ہونے کا امکان ہے۔ پارٹی قیادت کی کوشش ہے کہ تمام فیصلے آئینی دائرہ کار میں رہتے ہوئے جلد اور مؤثر انداز میں کیے جائیں۔

واپس آنے والے بیرون ملک اراکین
ذرائع کے مطابق بیرون ملک موجود پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کو فوری طور پر وطن واپسی کی ہدایت کی گئی، ان میں عارف احمد زئی، نذیر عباسی، تاج محمد ترند، آصف محسود، اور شیر علی آفریدی شامل ہیں، جو اب پاکستان پہنچ چکے ہیں اور وزیراعلیٰ کے انتخاب کے عمل میں بھرپور حصہ لیں گے۔

مزید برآں، پی ٹی آئی کے بانی کی جانب سے پارٹی کے تمام مرکزی و صوبائی رہنماؤں کو پشاور طلب کر لیا گیا ہے اور انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ پارٹی نظم و ضبط اور اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کرے، تاکہ کوئی بھی سیاسی یا آئینی رکاوٹ پارٹی کی حکمت عملی کو متاثر نہ کر سکے۔

اپوزیشن کی ممکنہ حکمت عملی اور ردعمل کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ہر پہلو کے لیے پہلے سے تیاری کی جا سکے۔

Scroll to Top