لاہور سے تمام موٹرویز کھول دی گئیں، جڑواں شہروں کے داخلی راستے تاحال بند

ملک میں جاری مذہبی جماعت کے احتجاج کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک صورتِ حال میں جزوی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق لاہور سے تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، جب کہ لاہور-اسلام آباد موٹروے (ایم-2) بھی بحال کر دی گئی ہے۔تاہم وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے داخلی و خارجی راستے بدستور بند ہیں۔ فیض آباد ایکسپریس وے پر کنٹینرز اب بھی موجود ہیں، جنہیں سڑک کنارے منتقل کر دیا گیا ہے، مگر راستہ تاحال جزوی طور پر محدود ہے۔

تیسرے روز مظاہروں کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیش نظر بڑے اسپتالوں کو جانے والی چند سڑکوں کو کھول دیا گیا ہے، تاکہ ایمبولینس اور دیگر ہنگامی سروسز کو رسائی حاصل رہے۔ تاہم مری روڈ اور بعض مرکزی شاہرائیں اب بھی بند ہیں، جس سے جڑواں شہروں میں معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

ادھر حکومت نے گزشتہ رات سے موبائل انٹرنیٹ سروس کو بحال کر دیا ہے، جس سے شہریوں کو رابطے میں آسانی حاصل ہو گئی ہے، تاہم سوشل میڈیا پر جزوی پابندیاں اب بھی موجود ہیں۔

حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور سیکیورٹی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ ہیں۔ شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور راستوں کی تازہ صورتحال کے لیے مقامی اتھارٹی یا موٹروے پولیس سے رابطہ کریں۔

Scroll to Top