ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سردی سے متعلق اہم پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور سردی سے متعلق اہم پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں سردی اور بارشوں سے متعلق آئندہ مہینوں کے لیے اہم پیشگوئی جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق نومبر اور دسمبر کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں معمول سے کم بارشیں متوقع ہیں جبکہ سردی خشک اور طویل ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت ٹھنڈ میں اضافہ محسوس کیا جائے گا۔

موسمیاتی جائزے کے مطابق،شمالی علاقہ جات، بالائی خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں بارشوں کی شدت معمول سے کم رہے گی، جس کے باعث خشک سردی پڑنے کا امکان ہے۔جنوبی پنجاب اور سندھ میں معمول سے کمی بیشی کے ساتھ بارشیں ہو سکتی ہیں، خاص طور پر سندھ میں معمول سے قدرے زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔نومبر اور دسمبر میں عمومی طور پر ملک بھر میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی۔

درجہ حرارت کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ:شمالی پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور کشمیر میں درجہ حرارت معمول کے مطابق یا معمول سے تھوڑا زیادہ رہنے کا امکان ہے۔وسطی و جنوبی پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت معمول سے کم رہ سکتا ہے۔دسمبر کے دن کے اوقات میں گرمی معمول سے زیادہ محسوس کی جا سکتی ہے، تاہم رات کے وقت سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ شمالی پہاڑی علاقوں میں سردی کا راج برقرار رہا۔

محکمہ موسمیات کی اس پیشگوئی کے بعد ماہرین نے کسانوں، سیاحوں اور عوام کو موسم کی تبدیلی کے مطابق اپنی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top