محکمہ موسمیات نے ملک کے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، خطہ پوٹھوہار، کشمیر میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔، اس دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ رات کے اوقات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ شام اور رات کے دوران دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، کوہاٹ، کرم اور ہنگو میں چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر علاقوں میں رات کے اوقات میں مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، گجرات، گوجرانوالہ، اوکاڑہ، لاہور، شیخوپورہ، قصور اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور دن کے وقت گرم رہنے کا امکان ہے، جبکہ کراچی اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔
بلوچستان میں ژوب، بارکھان، خضدار، موسیٰ خیل اور گردونواح میں بارش ہوسکتی ہے،کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر مقامات جبکہ کشمیر اور بارکھان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش منڈی بہاؤالدین میں 43 ملی میٹر ہوئی۔





