خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میںسکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 34 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ آپریشنز 13 سے 15 اکتوبر کے درمیان شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور ضلع بنوں میں کیے گئے۔ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے ان آپریشنز میں خوارج دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے نشانہ بنائے گئے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ:
شمالی وزیرستان (اسپن وام) میں ایک بھرپور جھڑپ میں 18 خوارج مارے گئے۔
جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید 8 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے ان دہشتگردوں کو ’’فتنہ الخوارج‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر بھارت کی سرپرستی میں پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کی کوشش کر رہے تھے، جنہیں بروقت کارروائی کر کے انجام تک پہنچایا گیا۔
فوجی ترجمان نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، اور ملک دشمن عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔





