وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد آمد، انتظامیہ کی جانب سے استقبال

 شیراز احمد شیرازی

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی جمعرات کی شب خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد پہنچے جہاں ان کا انتظامیہ کی جانب سے پُرتپاک استقبال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے تھے، تاہم ملاقات نہ ہو سکی۔

خیبر پختونخوا ہاؤس پہنچنے پر ڈائریکٹر انفارمیشن اینڈ پی آر سید بلال حسین اور کنٹرولر طفیل شاہ نے وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا اور انہیں پھول پیش کیے۔

قبل ازیں روالپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کے لیے تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے وفاقی اور پنجاب حکومت کو باضابطہ خطوط ارسال کیے گئے تھے، جن میں درخواست کی گئی کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت دی جائے، تاہم ابھی تک کسی جانب سے جواب موصول نہیں ہوا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے انہیں وزارت اعلیٰ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے وزیراعظم کو واضح طور پر آگاہ کیا کہ خیبرپختونخوا ساڑھے چار کروڑ عوام کا صوبہ ہے، سیاسی اور ذاتی اختلافات کے باوجود عوام کو اس کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ میں نے وزیراعظم سے گزارش کی کہ مجھے اپنے قائد سے ملاقات کی اجازت دی جائے، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ معلوم کر کے آگاہ کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر قائد سے ملاقات کے لیے مزید آئینی یا قانونی اقدامات کی ضرورت پیش آئی تو وہ ضرور اٹھائے جائیں گے،ہم نے ہمیشہ آئینی اور قانونی طریقے اختیار کیے ہیں، اور آئندہ بھی اسی راستے پر چلیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پی ٹی آئی پر اکثر احتجاجی سیاست کا الزام لگایا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ جب عدالتوں سے انصاف نہ ملے تو پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، اور تحریک انصاف نے ہمیشہ پرامن احتجاج کا راستہ اپنایا ہے، جو اب بھی ایک آپشن کے طور پر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایڈوائزری کونسل بنانے کی ضرورت پیش آئی تو وہ بطور وزیر اعلیٰ خود اس کی تشکیل کریں گے۔

سہیل آفریدی نے کہاکہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرے نزدیک سب سے پہلے پاکستان ہے، باقی تمام چیزیں بعد میں ہیں۔ قائداعظم بانی پاکستان ہیں اور ان کا احترام سب پر لازم ہے۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان کا آخری پروپیگنڈابھی بے نقاب ! سپن بولدک گیٹ پاکستان سلامت ہے ،آئی جی، ایف سی بلوچستان نے گیٹ کے سامنے کھڑے ہو کر تصویر جاری کر دی

سہیل آفریدی نے کہا کہ وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے کے دن سے ہی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے، صوبائی کابینہ کی تشکیل میں بھی بانی سے مشاورت کی جائے گی،میں اپنی تجاویز بھی دوں گا لیکن فیصلہ مشاورت سے ہوگا۔

Scroll to Top