پشاور: انڈسٹریل اسٹیٹ حیات آباد میں واقع زیڈ آر کے گروپ کے کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ترجمان ریسکیو 1122 بلال احمد فیضی کے مطابق، آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر ویکلز فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے پشاور کے تمام فائر اسٹیشنز سے فائر بریگیڈز اور فائر فائٹرز کو طلب کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن میں ریسکیو 1122 کی 20 فائر ویکلز، 100 سے زائد اہلکار اور 3 ایمبولینسز حصہ لے رہی ہیں۔
آگ پر قابو پانے کے لیے پشاور، خیبر اور نوشہرہ سے بھی ٹیمیں طلب کی گئیں، جو فائر فائٹنگ میں مصروف عمل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : شہزادہ اینڈریو کا شاہی القابات سے کنارہ کشی کا اعلان، ڈیوک آف یارک کا لقب بھی واپس
ریسکیو حکام کے مطابق، شدید کوششوں کے بعد آگ کو کارخانے کے ایک مخصوص حصے تک محدود کر دیا گیا ہے اور اب تک 80 فیصد تک آگ پر قابو پایا جا چکا ہے۔ فائر فائٹرز کی مسلسل کارروائی جاری ہے تاکہ باقی ماندہ آگ کو بھی مکمل طور پر بجھایا جا سکے۔
ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق فوری اور منظم ردعمل کے باعث بڑے پیمانے پر ممکنہ نقصان سے بچا لیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ پر ریسکیو اہلکار الرٹ ہیں اور صورتحال کو مکمل کنٹرول میں لانے کے لیے کوشاں ہیں۔





