قطر کی ثالثی میں پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان دوحہ میں اہم مذاکرات جاری ہیں۔
مذاکرات میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کر رہے ہیں جبکہ افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا محمد یعقوب کر رہے ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق آئی ایس آئی کے سربراہ و مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل عاصم ملک بھی وفد میں شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں وفود کے درمیان بات چیت یک نکاتی ایجنڈے پر مرکوز ہےجس کا مقصد پاکستان پر خوارج کے حملوں کو روکنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کا محور سرحد پار دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے فروغ پر ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ فریقین حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر اتفاق کریں گے۔
پاکستانی وفد نے مذاکرات کے دوران دوٹوک مؤقف اختیار کیا اور واضح کیا کہ خوارج کے حملے برداشت نہیں کیے جائیں گے اور اگر حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فریقین نے مذاکرات کے دوران 48 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی کو مذاکرات کے دورانیے تک برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سہ ملکی سیریز سے افغانستان کی دستبرداری ، پی سی بی نے نئی ٹیم سے رابطہ کرلیا
افغانستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان میں رواں سال نومبر میں شیڈول سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے اچانک دستبرداری کے بعد، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کرکٹ بورڈ سے رابطہ کر لیا ہے تاکہ سیریز کو متبادل ٹیم کے ساتھ جاری رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے فوری طور پر متبادل ٹیم کے طور پر زمبابوے کو سیریز میں شامل کرنے کے لیے باضابطہ طور پر رابطہ کیا ہے، اور اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ٹرائی نیشن سیریز پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جائے گی۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق یہ سیریز 17 سے 29 نومبر 2025 کے درمیان پاکستان میں منعقد ہونا تھی، تاہم افغانستان کی دستبرداری کے بعد پی سی بی کی جانب سے نئے شیڈول کا اعلان جلد متوقع ہے۔





