گورنر فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر داخلہ کے گھر آمد، خیبرپختونخوا کے اہم امور پر گفتگو

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں صوبے  امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور فتنۂ الخوارج کے خلاف جاری آپریشنز پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے صوبے کے مختلف اضلاع میں جاری سیکیورٹی آپریشنز اور پاک افغان سرحدی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پولیس ٹریننگ سنٹر اور نادرا آفس ڈیرہ اسماعیل خان پر دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، متاثرہ عمارتوں کی ازسرِ نو بحالی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام امن کے داعی ہیں، صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے قیامِ امن ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کے دشمن دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن وقت کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پکتیکا میں کامیاب کارروائی، انتہائی مطلوب سرغنہ سمیت 70 سے زائد خوارج ہلاک

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

Scroll to Top