پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ طورخم بارڈر پر تجارتی راہداری کی بحالی کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ کسٹمز ذرائع کے مطابق، 9 روز قبل بند کی گئی سرحد کو دوبارہ کھولنے کے لیے عملہ اور تکنیکی سہولیات تعینات کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، کارگو گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے اسکیننگ مشینیں طورخم ٹرمینل پر پہنچا دی گئی ہیں، جب کہ متعلقہ کسٹمز حکام کو فوری طور پر ڈیوٹی پر حاضر ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز )کے مطابق واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث طورخم بارڈر کو ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کر دیا گیا تھا۔ اس بندش کے نتیجے میں افغانستان جانے والی پھل، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش سے لدی درجنوں گاڑیاں پاکستانی حدود میں پھنس گئی تھیں۔
سرحدی بندش کے اثرات صرف طورخم تک محدود نہیں رہے بلکہ شمالی وزیرستان میں غلام خان اور جنوبی وزیرستان میں انگور اڈہ کے سرحدی مقامات کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا، جس سے خطے میں کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ طورخم بارڈر کی بحالی سے نہ صرف دو طرفہ تجارت میں بہتری آئے گی بلکہ سرحدی علاقوں میں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔





