دوسرے ٹیسٹ کا پہلا دن، پاکستان نے 5 وکٹوں پر 259 رنز بنالیے

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جاری ہے، جہاں پہلے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 259 رنز بنالیے ہیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپننگ بلے باز امام الحق 17، کپتان بابر اعظم 16 اور وکٹ کیپر محمد رضوان 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔

شان مسعود نے 87 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ عبداللہ شفیق نے 57 رنز بنائے۔ دن کے اختتام پر سعود شکیل 42 اور سلمان علی آغا 10 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج اور سائمن ہارمر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : صوبے میں کوئی سیاسی مقدمہ یا تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے جہاں آصف آفریدی کو شامل کیا گیا ہے جبکہ حسن علی کو ڈراپ کیا گیا ہے۔

آصف آفریدی نے 38 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔ شاہین آفریدی نے ان کو ٹیسٹ کیپ دی۔آصف آفریدی نے 57 فرسٹ کلاس میچز میں 198 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے،ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں، کیشو مہاراج اور مارکو ینسن ٹیم میں شامل ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 93 رنز سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں کامیاب آغاز کیا تھا۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان نے 277 رنز کا ہدف دیا تھاجس کے تعاقب میں مہمان ٹیم 183 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : چین کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان سیزفائر معاہدے کا خیرمقدم

Scroll to Top