پشاور: خیبرپختونخواہ اسمبلی نے وزیراعلی سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانےکی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
یہ قرارداد حکومتی رکن عبید الرحمن کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنے خاندان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
قرارداد کے متن کے مطابق سہیل آفریدی اس وقت صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ ہیں اور اُن کا بانی چیئرمین سے ملاقات کرنا آئینی و قانونی حق ہے تاکہ صوبے کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر حکومتی امور پر براہ راست مشاورت کی جا سکے۔
ایوان نے اس قرارداد کو مکمل اتفاق رائے سے منظور کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں : دیر لوئر، سوزوکی پک اپ گہری کھائی میں گر گئی، 3افراد جاں بحق
دریں اثناء خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے بانی پی ٹی آئی کی ملاقات سے متعلق قرارداد کے بعد ایوان میں ایک اور قرارداد بھی منظور کر لی گئی۔
یہ قرارداد رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی نے پیش کی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا کیونکہ اسرائیل بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
قرارداد میں وفاقی حکومت پر بھی اعتراض کیا گیا۔ متن کے مطابق شہباز شریف کو ملک کا وزیراعظم بننے کا حق حاصل نہیں کیونکہ وہ کسی اور کے مینڈیٹ پر وزیراعظم بنے ہیں۔
ایوان نے یہ قرارداد بھی منظور کر لی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور: موٹرسائیکل سوار برقعہ پوش کی رہزنی، سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پرآگئی





