بھارت نے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ فعال کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ اہم فیصلہ افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے حالیہ دورہ بھارت کے بعد کیا گیا، جس میں بھارت نے اپنے تکنیکی مشن کو سفارتخانے کا درجہ دینے پر اتفاق کیا۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق بھارت کابل میں اپنے مشن کے سربراہ کو چارج ڈی افیئرز (Chargé d’affaires) مقرر کرے گا اور آئندہ وقت میں سفیر کی تعیناتی بھی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ طالبان حکومت نومبر تک دو سفارتکار نئی دہلی بھیجے گی، جو افغان سفارتخانے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت نے ابھی تک طالبان حکومت کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا ہے۔ بھارت نے اگست 2021ء میں طالبان کے کابل پر قبضے کے فوراً بعد اپنا سفارتخانہ بند کر دیا تھا، لیکن جون 2022ء میں سیکیورٹی یقین دہانیوں کے بعد کابل میں ایک تکنیکی مشن دوبارہ فعال کیا تھا۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کا یہ قدم خطے میں اپنے سفارتی اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے اور افغانستان میں استحکام کی کوششوں میں حصہ لینے کی کوشش ہے۔





