بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ اور پارٹی رہنماؤں میں صوبائی کابینہ کی تشکیل پر اتفاق

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماؤں نے عمران خان سے ملاقات کے بعد صوبائی کابینہ کی تشکیل پر اتفاق کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات میں صوبے کی موجودہ سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بیرسٹر گوہر علی خان، اسد قیصر، جنید اکبر، شہرام ترکئی اور عاطف خان سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔ اجلاس کے آغاز میں ہنگو میں شہید ہونے والے پولیس افسر اور اہلکاروں کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

ملاقات میں صوبے میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ رہنماؤں نے اس حوالے سے ’’امن جرگہ‘‘ بلانے پر اتفاق کیا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، اسٹیک ہولڈرز، قبائلی عمائدین اور سماجی شخصیات کو شرکت کی دعوت دی جائے گی تاکہ صوبے میں پائیدار امن کے لیے متفقہ حکمت عملی تیار کی جا سکے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی کابینہ کی تشکیل بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے کی جائے گی تاکہ پارٹی کے اندرونی اختلافات سے بچا جا سکے۔ رہنماؤں نے کہا کہ ماضی میں بانی پی ٹی آئی کی رائے کے بغیر کیے گئے فیصلوں سے مسائل پیدا ہوئے تھے، اس لیے اب تمام انتظامی اقدامات مشاورت سے طے ہوں گے۔

چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نےمیڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعلیٰ اور پارٹی قیادت کی ملاقات دو گھنٹے سے زائد جاری رہی، جس میں صوبے میں دہشت گردی، سیاسی صورتِ حال اور عمران خان کی رہائی کے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

Scroll to Top