ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی اور خوارج کے خلاف مؤثر اقدامات کیے ہیں، دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج اور عوام ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند متحد ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر نے مردان کی مختلف جامعات اور مدارس کے اساتذہ و طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں عبدالولی خان یونیورسٹی، وومن یونیورسٹی، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت مدارس کے طلبہ و اساتذہ نے بھرپور شرکت کی۔
ملاقات کے دوران لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے معرکۂ حق، پاک افغان کشیدگی، حالیہ سیکیورٹی صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے کر دنیا میں ایک مثال قائم کی ہے، اور اب بھی کوئی دشمن پاکستان کی سالمیت کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک فوج نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہے بلکہ عوام کے ساتھ مل کر ملک کے امن و استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔اس موقع پر طلبہ و اساتذہ نے غازیانِ وطن اور شہداء پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ اساتذہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے پاک فوج سے متعلق کئی غلط فہمیاں دور کر دیں۔
طلبہ نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے کے خلاف نوجوانوں کو بیدار رہنا ہوگا۔آخر میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ علم، شعور اور اتحاد کے ساتھ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے کردار ادا کریں۔





