سوشل میڈیا پر پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق افواہیں، اصل حقیقت سامنے آگئی

کراچی: محکمہ پاسپورٹس نے سوشل میڈیا پر پاکستانی پاسپورٹ سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری جعلی خبروں یا پروپیگنڈا مہم پر کان نہ دھریں۔

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے پاکستانی پاسپورٹ کے بارے میں سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے تردید کی ہے۔

ترجمان محکمہ پاسپورٹس کا کہنا ہے کہ پاکستانی پاسپورٹ کے فرنٹ کور یا ڈیزائن میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر جعلی اور گمراہ کن ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ شہری ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔ قومی پاسپورٹ میں صرف چند سیکیورٹی فیچرز کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا گیا ہے، تاہم کور پیج میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

محکمہ پاسپورٹس نے خبردار کیا کہ قومی پاسپورٹ سے متعلق جھوٹی یا من گھڑت خبریں پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ قومی پاسپورٹ پاکستان کی شناخت اور وقار کی علامت ہے، اس کے بارے میں غلط معلومات پھیلانا غیر ذمہ دارانہ اور قابلِ مذمت عمل ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نیا پاکستانی پاسپورٹ کن منفرد خصوصیات کا حامل اور فیس کتنی ہوگی؟

پاسپورٹ حاصل کرنے والے شہریوں کے لیے پاسپورٹ سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن کے مطابق اب نئے پاسپورٹ میں والد کے ساتھ والدہ کا نام بھی درج کیا جائے گا۔

محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے وضاحت کی ہے کہ نئے پاسپورٹ میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ اس کی سیکیورٹی مزید مضبوط ہو۔

محکمہ کے مطابق پاسپورٹ کے ویزا پیجز پر پاکستان کے مختلف صوبوں کی تاریخی عمارتوں کی تصاویر پرنٹ کی جائیں گی۔

وزارتِ داخلہ نے نئے فیچرز کی منظوری دے دی ہے جبکہ پاسپورٹ بک لیٹس کی چھپائی پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن میں جاری ہے۔

محکمہ پاسپورٹس کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں جدید تقاضوں اور ہم آہنگی کے اصولوں کے تحت کی جا رہی ہیں، تاہم فیچرز کے علاوہ پاسپورٹ کے دیگر پہلوؤں میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے گرین پاسپورٹ کو پہلے سے زیادہ دیدہ زیب بنانے کا فیصلہ کیا ہے مگر فیسوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا۔

موجودہ فیس کے مطابق 36 صفحات پر مشتمل پانچ سالہ پاسپورٹ کے لیے 4,500 روپے اور دس سالہ مدت والے پاسپورٹ کے لیے 6,700 روپے ادا کرنا ہوں گے۔

ارجنٹ پاسپورٹ کے لیے پانچ سالہ مدت کی فیس 7,500 روپے جبکہ دس سالہ پاسپورٹ کی فیس 11,200 روپے مقرر ہے۔

Scroll to Top