اولمپک چیمپین ارشد ندیم کے کوچ پر پابندی کے متنازع فیصلے کی تحقیقات کا آغاز

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے کوچ سلمان بٹ پر عائد متنازع پابندی کے معاملے کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کے ایجوڈی کیٹرز نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کو طلب کر لیا ہے اور اولمپک چیمپین ارشد ندیم کے ساتھ کوچ سلمان بٹ کو بھی تین نومبر کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

اس معاملے کی سماعت سینٹر پرویز رشید کی سربراہی میں کی جائے گی، وفاقی حکومت نے ایتھلیٹکس فیڈریشن کے متنازع فیصلے کا نوٹس لیا تھا اور پاکستان سپورٹس بورڈ کو ہدایت دی گئی تھی کہ غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔

ایتھلیٹکس فیڈریشن نے کوچ سلمان بٹ پر اچانک تاحیات پابندی عائد کی تھی جس پر سلمان بٹ نے الزامات کو ذاتی عناد اور تعصب پر مبنی قرار دیا ہے۔

تحقیقات کے دوران تمام متعلقہ فریقین سے وضاحت طلب کی جائے گی تاکہ معاملے کی شفاف اور منصفانہ چھان بین کی جا سکے۔

اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ پر فیڈریشن کے آئین کی خلاف ورزی اور غیر مجاز سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر تاحیات پابندی عائد کی ہے،  پنجاب اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حبیب شاہ کو 10 سال کے لیے معطل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سلمان بٹ کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اتھلیٹکس سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں شرکت سے مکمل طور پر روک دیا گیا ہے اس فیصلے سے عالمی اتھلیٹکس باڈی، ایشین اتھلیٹکس ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی باقاعدہ طور پر مطلع کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ کو بڑا دھچکا

فیڈریشن نے 30 اگست کو پنجاب ایسوسی ایشن کو تحریری ہدایت دی تھی کہ انتخابات صرف قانونی اور آئینی دائرہ کار میں رہ کر کرائے جائیں لیکن اس کے باوجود سلمان بٹ، جو فیڈریشن کے آئین کے بانی دستخط کنندگان نے ہدایت کو نظر انداز کرتے ہوئے انتخابات کا انعقاد کیا۔

Scroll to Top