سابق وزیر تعلیم خیبر پختونخوا عاطف خان کے خلاف اینٹی کرپشن ریفرنس خارج

سابق وزیر تعلیم خیبر پختونخوا عاطف خان کے خلاف اینٹی کرپشن خیبر پختونخوا کی جانب سے بنایا گیا ریفرنس پشاور ہائیکورٹ نے خارج کر دیا ہے۔

عاطف خان کی دائر درخواست پر عدالت نے تحریری فیصلہ جاری کیا اور اینٹی کرپشن کی جانب سے جاری نوٹس کو کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عاطف خان کے خلاف مردان میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی قائم کرنے کے لیے سرکاری اراضی پر قبضے کے الزامات کے سلسلے میں سات سال بعد انکوائری شروع کرنا قانونی طور پر مشکوک اور بدنیتی پر مبنی ہے۔

عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اس معاملے کو نیب نے پہلے ہی بند کر دیا تھا۔

عدالت نے کارروائی معطل کرنے کے بعد فیصلہ دیا کہ متعلقہ ریفرنس میں قانونی بنیادیں موجود نہیں لہٰذا اسے ختم کیا جائے، اس فیصلے کے بعد عاطف خان کے خلاف اینٹی کرپشن کے زیر التوا تمام کیسز مؤخر ہو گئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن کے جاری کردہ نوٹس میں عاطف خان پر زمین کی ملکیت اور نجی سوسائٹی کی ترقی کے لیے سرکاری فنڈز کے استعمال کے الزامات بھی لگائے گئے تھے۔

نوٹس میں عاطف خان سے کہا گیا تھا کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات سے متعلق تفصیلات اپنی تحریری درخواست میں پیش کریں۔

سابق صوبائی وزیر سیاحت عاطف خان پر اس منصوبے میں اختیارات کے ناجائز استعمال کا بھی الزام تھا، لیکن ہائیکورٹ نے ان کے خلاف ریفرنس خارج کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ! عاطف خان کیخلاف اینٹی کرپشن کی کارروائی کالعدم قرار

واضح رہے کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے عاطف خان کو گزشتہ روز مالم جبہ منصوبے میں تحقیقات کے لیے طلب کیا تھا اور 12 نومبر 2024 کو صبح 10:30 بجے پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔

Scroll to Top