رورل اکنامک پراجیکٹ میں تاخیر ناقابل قبول ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکا واضح پیغام

رورل اکنامک پراجیکٹ میں تاخیر ناقابل قبول ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخواکا واضح پیغام

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر سست پیش رفت پر وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو منصوبے کو فوری طور پر اسٹریم لائن کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ غریب عوام کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے اس پر پیش رفت میں تاخیر ناقابل قبول ہے۔

اجلاس میں یہ بھی ہدایت دی گئی کہ منصوبے کی تمام سرگرمیوں پر ٹائم لائنز اور پی سی ونز کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ سو فیصد میرٹ اور عوام کے ہر روپے کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ بین الاقوامی ادارے IFAD کے تعاون سے جاری ہے، جس کی کل لاگت 30 ارب روپے سے زائد ہے۔ اس میں 58 فیصد فنڈنگ IFAD کی جانب سے، 16 فیصد صوبائی حکومت اور 26 فیصد حصہ بنیفیشریز کا ہے۔ یہ سات سالہ منصوبہ 43 لاکھ سے زائد افراد کے لیے روزگار، ہنرمندی اور زرعی کاروبار کے مواقع فراہم کرے گا۔

پراجیکٹ کے تحت 550 پروفیشنل فارمر آرگنائزیشنز قائم کی جائیں گی، جبکہ 60 ہزار نوجوانوں کو تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جن میں سے اب تک 20 ہزار نوجوان تربیت حاصل کر چکے ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ یہ منصوبہ صوبے کے دیہی علاقوں کے لیے خوشحالی، خود انحصاری اور پائیدار ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top