سوات: وادی کالام کے علاقے مٹلتان میں شادی کی تقریب کے دوران کھانا کھانے سے مبینہ طور پر فوڈ پوائزننگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 35 سے 45 افراد متاثر ہوئے۔
متاثرین میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 سوات کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ آٹھ متاثرہ افراد کو مزید علاج کے لیے کالام ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز کے مطابق تمام افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق فوڈ پوائزننگ کا واقعہ قیوم نامی شخص کے گھر شادی کی تقریب کے دوران پیش آیا۔
متعلقہ حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ کھانے سے متاثر ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : کالام میں جائیداد کے تنازع پر افسوسناک واقعہ،پولیس کاروائی جاری
سوات کے سیاحتی علاقے کالام میں جائیداد کے تنازع پر دو فریقین کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں جانب سے آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے، جب کہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
واقعہ تھانہ کالام کی حدود میں پیش آیا، جہاں دو رشتہ دار فریقین کے درمیان جائیداد کا تنازع شدت اختیار کر گیا۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سرکل بحرین جہانزیب خان، ایس ایچ او تھانہ کالام علی بادشاہ اور پولیس نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں فریق اول سے میر عالم ولد صمد خان اور فریق دوم سے قاسم خان ولد مرزا خان جاں بحق ہوئے۔
واقعے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر فریق اول سے اکرام شاہ ولد صمد خان، روزی خان ولد گجر خان، ملک امان ولد صمد خان، ہاروت ولد امیر خان، عبد الکریم ولد محمود خان اور مصیر خان ولد امیر باچا کو گرفتار کر لیا۔
فریق دوم سے گرفتار افراد میں بخت روان ولد عمر خان، حبیب خان ولد انزا خان اور زید ولد عمر خان شامل ہیں، جن کا تعلق چراٹ مٹلتان سے ہے۔





