محمد شعیب
خیبرپختونخوا پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے کردیئے گئے ۔
آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذولفقار حمید کے آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 9سینئر افسران کےتقرری وتبادلے کردیئے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولیس افسران میں ضلعی پولیس افسران ، ٹریفک پولیس افسران، سی ٹی ڈی افسران اور دیگر اعلی افسران کی مختلف اضلاع میں تعیناتیاں اور تبادلے کردیئے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد عمر طفیل کو ایس ایس پی سی ٹی ایف مقررکردیا گیا۔وہ اپنے فرائض کے علاوہ ڈی آئی جی سی ٹی ایف اور ای یو سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے دفتر کے اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔
اس کے علاوہ ہارون رشید خان کو ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد تعینات کیا گیا جبکہ زاہد اللہ چیف ٹریفک آفیسر پشاور مقرر کیے گئے، جو پہلے ضلعی پولیس کوہاٹ کے سربراہ تھے۔
ایس ایس پی آپریشن پشاور مسعود احمد کو ضلعی پولیس آفیسر مردان تعینات کیا گیا، شہباز الہی کو کوہاٹ منتقل کیا گیا اور سعود کو کرک کا ضلعی پولیس سربراہ مقرر کیا گیا۔
محمد اظہر کو ضلعی پولیس آفیسر مانسہرہ تعینات کیا گیا جبکہ شفیع اللہ کو کلوز سی پی او پشاور مقرر کیا گیا۔ ایس پی سٹی سی سی پی پشاور عتیق شاہ کو ضلعی پولیس آفیسر بونیر منتقل کیا گیا۔
یاد رہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی حلف لینےکے بعدمحکمہ پولیس میں پہلی دفعہ بڑے پیمانے پر تبادلے کئےگئے۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہائی ٹیک ڈرون تیار کرلیا
پشاور پولیس نے جدید سائنسی اور ٹیکنالوجیکل اختراعات کو بروئے کار لاتے ہوئے ایک ہائی ٹیک ڈرون تیار کیا ہے جو 10 کلومیٹر رینج اور لیزر سسٹم سے لیس ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کے مطابق یہ جدید ڈرون نوشہرہ پولیس سینٹر میں کامیابی کے ساتھ ٹیسٹ کیا گیا، اور یہ 10 کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس کا کہنا ہے کہ نئے ڈرون میں نائٹ وژن سرویلنس کیمرے، ٹیئر گیس شیلز اور مارٹر گولے نصب کیے جا سکتے ہیں۔ آٹو انفارمیشن سسٹم سے لیس اس ڈرون کا وزن 55 کلوگرام ہے جبکہ اس کی لمبائی 2 میٹر اور زیادہ سے زیادہ رفتار 36 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔





