متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم کے دوران بلدیاتی حکومتوں کو اختیارات دینے سے متعلق ایم کیو ایم کی تجویز کو پیپلز پارٹی نے مسترد کر دیا تھا۔
گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، مسلم لیگ (ن) اور دیگر جماعتیں ایم کیو ایم کی اس تجویز پر آمادہ تھیں، تاہم پیپلز پارٹی نے ان کی ترمیم کو بلڈوز کر دیا۔
انہوں نے سندھ میں پیپلز پارٹی کے 18 سالہ اقتدار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طویل عرصے میں صوبے کے ساتھ جو سلوک کیا گیا، وہ سب کے سامنے ہے، ایک طرف دنیا چاند پر پہنچ رہی ہے جبکہ دوسری طرف کراچی سے آج بھی ایسی المناک خبریں آتی ہیں کہ کوئی بچہ گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
مصطفیٰ کمال نے صوبائی حکومت کے اخراجات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سندھ میں 18 سال سے ایک ہی جماعت برسراقتدار ہے اور اس دوران 22 ہزار ارب روپے خرچ کیے جا چکے ہیں لیکن اس کے باوجود کراچی کے بنیادی شہری مسائل بدستور برقرار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کراچی ایک ضلع ہوا کرتا تھا جسے بعد ازاں سات اضلاع میں تقسیم کر دیا گیا، تاہم انتظامی تقسیم کے باوجود شہر کے مسائل حل نہیں ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے قطر کے وزیر داخلہ کی ملاقات،دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال
ایم کیو ایم رہنما نے بلدیاتی نظام کو مضبوط اور بااختیار بنانے پر زور دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ جب تک مقامی حکومتوں کو عملی طور پر مالی اور انتظامی اختیارات نہیں سونپے جائیں گے، اس وقت تک شہروں کے بنیادی مسائل کا پائیدار حل ممکن نہیں ہو سکتا۔





