سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ مہنگائی کم کی جائے لیکن آئی ایم ایف نے اجازت نہیں دی۔
فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور غربت نے عوام کو شدید پریشان کر رکھا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی حکومت کی پیدا کردہ نہیں بلکہ آئی ایم ایف کی پابندیوں کے باعث اسے کم کرنے میں رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے سیاسی ماحول پر بات کرتے ہوئے کہا کہ منافرت اور انتقامی جذبات پر مبنی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
ان کا کہنا تھا جو دوسروں کے خلاف سازش کرتا ہے وہ بالآخر خود ہی اس کا شکار بنتا ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ایک سابق حکومت نے اُن کے خلاف غلط بنیادوں پر منشیات کا مقدمہ بنا کر یہی رویہ اختیار کیا، لیکن ایسی حرکات سے نہ پہلے فائدہ ہوا نہ آئندہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے سابق دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے خلاف نعرے لگانے والوں کے اپنے زمانے میں فرح گوگی اور پنکی پیرنی جیسے کردار سامنے آئے
جبکہ چار سالہ اقتدار میں نہ کوئی نمایاں ترقی ہوئی اور نہ ہی عوام کو ریلیف ملا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بہتر ہوا اور اس مثبت تاثر کے معاشی اثرات بھی سامنے آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں چینی مزید مہنگی، قیمتیں نئی بلندیوں پر
سینیٹر رانا ثنااللہ نے زور دیا کہ عوام کا مہنگائی سے ناراض ہونا جائز ہے، لیکن حکومت نے قیمتیں کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم آئی ایم ایف کی شرائط نے ہاتھ باندھ رکھے تھے۔





