افغان ٹرانزٹ کے ذریعے مال منگوانا پاکستان کیلئے نقصان دہ، بند کرنا وقت کی ضرورت ہے، خواجہ آصف

افغان ٹرانزٹ کے ذریعے مال منگوانا پاکستان کیلئے نقصان دہ، بند کرنا وقت کی ضرورت ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو سیاست سے فارغ کیا گیا، افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ملکی نقصان کا باعث ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو سیاست سے فارغ کیا گیا، اور اس وقت ججز کے ضمیر کیوں نہیں جاگے؟ خواجہ آصف نے کہا کہ عدالتوں میں فیصلے عدالتی خودمختاری کے تحت کیے گئے، اور جوڈیشل کمیشن ججز کی تقرری کرتا رہے گا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ آئینی عدالت الگ کر دی گئی ہے، اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی آئینی عدالتیں موجود ہیں تاکہ جج ایک ہی عدالت میں دوسرے کیسز نہ سنیں۔

خواجہ آصف نے کہا’’نواز شریف کے دور میں نظام کو تہہ و بالا کر کے انہیں نااہل کیا گیا، اور یہ سب سپریم کورٹ کے بینچ کے فیصلوں کے ذریعے ہوا۔ ہم نے کون سی واردات کی جس پر ججز کو تکلیف ہو رہی ہے؟ پوری دنیا میں ججز کے تبادلے ہوتے ہیں، اور عدلیہ کو خودمختار بنایا گیا ہے۔ جو ججز استعفیٰ دینا چاہتے ہیں، ان کے لیے تبادلہ ممکن ہے، جبکہ زیادہ تر ججز اپنی مدت پوری کرنے کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘

وزیر دفاع نے ججز کی مراعات پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ ججز اپنی پوری تنخواہ اور پنشن لے کر جاتے ہیں، جبکہ سیاست سے ریٹائر ہونے والے افراد کو کوئی پنشن نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار سے ان کا تعلق اچھا رہا ہے اور ڈیمز کے لیے چندہ جمع کرنے میں ان کا تعاون قابل تعریف تھا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ افغانستان کے نام پر مال منگوایا جاتا ہے اور پھر پاکستان میں بیچا جاتا ہے، اس لیے افغانستان سے ٹرانزٹ ٹریڈ بند کرنا ملکی مفاد میں فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کے باوجود انہیں واپس بھیجنا پڑ رہا ہے۔

مزید کہا کہ وانا واقعے میں شامل تمام دہشتگرد افغان شہری تھے، اور پچھلے 40 سال کی مہمان نوازی کا صلہ ہمیں دہشتگردی کی صورت میں ملا ہے۔ خواجہ آصف نے غزہ امن فورس میں پاکستان کی شمولیت کو باعث فخر قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کو دی اکانومسٹ کی رپورٹ پر قانونی چارہ جوئی کا حق حاصل ہے۔

Scroll to Top