راولپنڈی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے ون ڈے فارمیٹ میں 100 میچز کھیل کر ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔
یہ تاریخی موقع اتوار کے روز سری لنکا کے خلاف سیریز کے آخری اور تیسرے ایک روزہ میچ کے آغاز سے قبل منایا گیا۔
میدان میں منعقدہ تقریب میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے محمد رضوان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رضوان نے ہمیشہ گراؤنڈ میں زبردست انرجی دکھائی ہے اور ان میں پاکستان کے لیے کھیلنے کی بے پناہ لگن ہے۔
اس موقع پر نسیم شاہ نے محمد رضوان کو 100 ویں ایک روزہ انٹرنیشنل میچ کی خصوصی کیپ پیش کی، جبکہ دیگر ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں یہ سنگ میل عبور کرنے پر دل سے مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ محمد رضوان نے اپنے 100 ون ڈے میچز میں مجموعی طور پر 2921 رنز اسکور کیے ہیں، جس سے وہ پاکستان کرکٹ کی کامیاب اور معتبر بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر دیا
یاد رہے کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو ایک روزہ انٹرنیشنل سیریز میں سری لنکا کو وائس واش کر دیا۔
قومی ٹیم نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔
سری لنکن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 211 رنز بنائے, سدیرا سماراوکرما 48، کوشال مینڈس 34 اور رتھنا ئیکے 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کے وسیم جونیئر نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حارث رؤف اور فیصل اکرم نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے 212 رنز کا ہدف محض 32 گیندیں باقی رکھتے ہوئے حاصل کر لیا۔
محمد رضوان 61 اور فخر زمان 55 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ حسین طلعت نے 42 اور بابر اعظم نے 34 رنز بنائے۔
بابر اعظم 34 اور سلمان علی آغا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور حسیب اللہ بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
سری لنکا کی جانب سے جیفری وینڈر نے 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔





