ضمنی انتخابات ،ہری پور میں تین روزہ تعطیل کا اعلان

ہری پور کی ضلعی انتظامیہ نے این اے-18 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ضلع بھر میں تین روزہ مقامی تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔

یہ نشست سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی جس پر 23 نومبر کو پولنگ ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر ہری پور کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی عمل کو بلا تعطل اور مؤثر بنانے کے لیے 22 نومبر سے 24 نومبر تک تین دن کی تعطیل دی جا رہی ہے تاکہ تمام نامزد پولنگ اسٹیشن انتخابات کے لیے مکمل طور پر دستیاب رہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ تعطیل کے دوران تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے، کیونکہ ان عمارتوں کو پولنگ اسٹیشنز کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق این اے-18 ہری پور کے ضمنی انتخاب کے لیے کل 602 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں تاکہ شفاف، پرامن اور منظم پولنگ کا انعقاد یقینی بنایا جاسکے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقے میں مجموعی طور پر نو امیدوار میدان میں ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدوار بھی شامل ہیں۔

سیاسی ماہرین کے مطابق اس حلقے میں سخت مقابلے کی توقع ہے اور اصل مقابلہ عمر ایوب خان کی اہلیہ  شہرناز اور مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز خان کے درمیان ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : سردیوں کے وائرل انفیکشنز سے کیسے بچا جائے؟

سردی کے موسم کے آغاز کے ساتھ ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور دیگر وائرل انفیکشنز میں نمایاں اضافہ ہو جاتا ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ سردیوں میں خشک ہوا اور گھروں کے بند ماحول وائرس کے پھیلاؤ کو بڑھا دیتے ہیں، جس کی وجہ سے کمزور افراد خاص طور پر متاثر ہوتے ہیں۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں لوگ زیادہ تر وقت بند کمروں میں گزارتے ہیں جہاں وائرس ہوا کے ذریعے تیزی سے منتقل ہو سکتے ہیں۔ خشک سرد ہوا ناک اور گلے کی جھلیوں کی نمی ختم کر دیتی ہے، جس سے مدافعتی نظام کمزور ہو جاتا ہے اور جسم بیماریوں کے خلاف اپنا دفاع صحیح طریقے سے نہیں کر پاتا۔ اس کے علاوہ، درجہ حرارت میں کمی بھی قوت مدافعت کو متاثر کرتی ہے، جس سے انفیکشنز سے لڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔

ماہرین نے چند احتیاطی تدابیر تجویز کی ہیں تاکہ سردیوں میں صحت برقرار رکھی جا سکے۔ ٹھنڈی ہوا اور اچانک درجہ حرارت کی تبدیلی سے بچنا ضروری ہے، اور باہر جاتے وقت گرم کپڑے پہننا چاہیے۔ وٹامن سی اور زنک سے بھرپور غذائیں جیسے پھل، سبزیاں، سوپ اور ہربل چائے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھونا یا ہینڈ سینیٹائزر استعمال کرنا چاہیے، اور کھانسنے یا چھینکنے کے دوران منہ اور ناک کو ڈھانپنا لازمی ہے۔ ایسے افراد سے دور رہنا چاہیے جنہیں نزلہ یا زکام ہو، اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر ماسک پہننا ضروری ہے۔ روزانہ کم از کم چند منٹ کے لیے گھر کی کھڑکیاں کھول کر ہوا کی گردش کو یقینی بنائیں، اور اگر ہیٹر استعمال کر رہے ہوں تو پانی کا پیالہ قریب رکھیں تاکہ نمی برقرار رہے۔

Scroll to Top