محکمہ کھیل میں مبینہ بدعنوانی،مشیرکھیل کا نوٹس، وزیراعلیٰ نے انکوائری کا حکم دیدیا

محکمہ کھیل میں مبینہ بدعنوانی،مشیرکھیل کا نوٹس، وزیراعلیٰ نے انکوائری کا حکم دیدیا

محکمہ کھیل میں مبینہ بدعنوانی ،مشیر کھیل کا سخت نوٹس، وزیراعلیٰ کو مراسلہ ارسال، انکوائری کا آغاز

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں محکمہ کھیل کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ بدعنوانی اور مالی بے ضابطگیوں کے انکشاف پر صوبائی حکومت متحرک ہوگئی۔ مشیر کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے رپورٹس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی مکمل اور شفاف انکوائری کیلئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو باضابطہ مراسلہ ارسال کردیا۔

مراسلہ موصول ہونے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے صوبائی انسپکشن ٹیم کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔ وزیراعلیٰ نے حکم دیا کہ نظامتِ کھیل کے جاری اور مکمل شدہ منصوبوں میں مبینہ بدعنوانی، فنڈز کے غلط استعمال اور بے ضابطگیوں کی فوری تحقیقات کی جائیں اور اس کی مفصل رپورٹ پیش کی جائے۔ ہدایت کے بعد صوبائی انسپکشن ٹیم نے انکوائری کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

مشیر کھیل تاج محمد ترند نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ:
محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان میں بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
عوام کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت اور شفاف استعمال حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
عمران خان کے وژن کے مطابق کرپشن کا خاتمہ اور شفاف نظام قائم کرنا بنیادی ہدف ہے۔
بدعنوان عناصر کے لیے محکمے میں کوئی جگہ نہیں، تمام ملازمین اپنے امور میں شفافیت لائیں۔
نظامت کھیل میں سزا و جزا کے اصول پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

مشیرکھیل نے کہا کہ محکمہ کھیل نوجوانوں کے مستقبل اور صوبے کی نمائندگی کا اہم شعبہ ہے، اس میں کسی بھی قسم کی مالی بے ضابطگی نہ صرف ترقیاتی عمل کو متاثر کرتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انکوائری مکمل ہونے کے بعد ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

حکومتی اقدامات کے بعد یہ توقع کی جا رہی ہے کہ محکمہ کھیل میں جاری منصوبوں میں شفافیت بڑھے گی اور مالی نظم و ضبط یقینی بنایا جائے گا، تاکہ صوبے کے نوجوانوں کے لیے بہتر کھیلوں کے مواقع فراہم کیے جاسکیں

Scroll to Top