پاکستانی شہریوں کے ویزوں پر پابندیوں کا معاملہ،یو اے ای کی وضاحت جاری

متحدہ عرب امارات نے واضح کیا ہے کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی گئی۔

اماراتی سفارتکارکے مطابق پاکستانیوں کے لیے لیبر سمیت مختلف کیٹگریز میں معمول کے مطابق ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔

سفارتکار نے بتایا کہ اماراتی حکومت نے ویزا اجرا کے لیے ایک جدید اور منظم نظام مرتب کیا ہے، تاہم کچھ پاکستانی ٹریول ایجنٹس کی جانب سے ویزا درخواست دہندگان کے ریکارڈ میں رد و بدل کی شکایات سامنے آئیں، جس کے باعث اماراتی حکام اور مسافروں دونوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں : ہائیکورٹ نے مشال یوسفزئی، عاطف خان اور شاہد خٹک کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کر دی

انہوں نے کہا کہ ان بے ضابطگیوں سے متعلق پاکستان کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک نظام نافذ کیا جا چکا ہے۔

اماراتی حکام کے مطابق اس وقت یو اے ای میں تقریباً 22 لاکھ 70 ہزار پاکستانی مقیم ہیں، اور معمولی خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کو ریکارڈ درست کرنے کا موقع بھی دیا گیا ہے۔

ادھر گزشتہ روز سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سلمان چوہدری نے کہا تھا کہ یو اے ای پاکستانیوں کے ویزے روک رہا ہے اور یہ بھی دعویٰ کیا کہ سعودی عرب اور یو اے ای پاکستانی پاسپورٹ پر پابندی کے قریب پہنچ گئے تھے تاہم آخری لمحات میں ایسا نہیں ہوا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر پابندی لگا دی گئی تو اسے ہٹوانا بہت مشکل ہوگا۔

وزارت داخلہ کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ فی الحال یو اے ای صرف نیلے پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے جاری کر رہا ہے۔

سینیٹ کی انسانی حقوق کمیٹی کی سربراہ سینیٹر سمینہ ممتاز زہری نےمیڈیا سے گفتگو وزارتِ داخلہ کے عہدیدار کے بیان کی تصدیق کردی۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندی کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ چند لوگ یو اے ای جا کر جرائم میں ملوث ہو جاتے ہیں۔

Scroll to Top