ہری پورضمنی انتخابات ،تیمور سلیم جھگڑا نے بڑا دعوی کرلیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر تیمور سلیم جھگڑا نےکہا ہے کہ جو کچھ 8 فروری 2024 کو ہوا تھا وہی صورتحال ہری پور میں 2025 کے ضمنی انتخابات میں دہرائی گئی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تیمور جھگڑا نے کہاکہ شہرناز عمر ایوب نے ایک لاکھ 49 ہزار 782 ووٹ حاصل کیے جبکہ بابر نواز کو ایک لاکھ 24 ہزار 686 ووٹ ملے۔

ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی پارٹی کو ہری پور میں 25 ہزار ووٹ کی سبقت حاصل ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : سہ ملکی سیریز کا فیصلہ کن معرکہ! پاکستان اور سری لنکا آج فائنل میں آمنے سامنے ،میچ کس وقت شروع ہوگا؟ جانیے

انہوں نے کہا کہ فارم 45، 46 اور 47 ابھی تک جاری نہیں کیے گئے اور ای سی پی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں ہوئے۔

تیمور جھگڑا نے الزام عائد کیا کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین نے نتائج میں مداخلت کی اور فارم 47 کے ذریعے جعلی ووٹوں کو اصل ووٹوں سے بدل دیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کی لیڈ کو شکست میں تبدیل کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی آر او الیکشن کمیشن کے ملازم تھے اور ہری پور میں ڈیٹا انٹری کے دوران ہر جگہ سیل تھی۔ جہاں ووٹوں کی پنچنگ جاری تھی، کسی کو قریب جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

تیمور جھگڑا نے مزید کہا کہ پورے پولنگ اسٹیشنز میں اصل نتائج بدل دیے گئے اور شہرنار عمر ایوب کی جیت کو شکست میں تبدیل کر دیا گیا۔

انہوں نے اس موقع پر الیکشن کمیشن پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے نام پر اربوں روپے ضائع کیے جا رہے ہیں اور لاہور میں پی ٹی آئی کوئی موثر مہم نہیں چلا سکی جبکہ مسلم لیگ ن اور کیپٹن صفدر اپنی مرضی سے مہم چلا رہے تھے۔ ہری پور میں ٹرن آؤٹ دس فیصد سے زیادہ رہا۔

Scroll to Top