جعلی ویزوں کے دھندے میں ملوث گروہوں کے خلاف فوری کارروائی کا حکم

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے جعلی ویزوں کے دھندے میں ملوث مافیا کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے۔

یہ فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چودھری سالک حسین کی زیر صدارت ہونے والے خصوصی اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جعلی دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

اس دوران پروٹیکٹر کے اجراء کے نظام کو فول پروف بنانے اور مسافروں کی سہولت کے لیے امیگریشن سسٹم میں اصلاحات کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ وفاقی وزراء نے 7 روز میں حتمی سفارشات طلب کیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لیے جنوری سے اسلام آباد میں اے آئی بیسڈ ایپ کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے، جس سے پہلے سے معلوم ہو جائے گا کہ کون سفر کے اہل ہے اور کون نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیپورٹ شدہ افراد کے پاسپورٹ منسوخ ہونے کے بعد انہیں دوبارہ ویزہ نہیں ملے گا، یکساں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس نیشنل پولیس بیورو کے ذریعے جاری کیا جائے گا اور جعلی ویزوں و ایجنٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس اپنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : چمن: ٹی ٹی اے پوسٹ میں ٹینک تباہ، پاک فوج کی جوابی کارروائی، افغان سرحد پر ڈرونز کی پرواز، طالبان فرار

وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز چودھری سالک حسین نے کہا کہ پروٹیکٹر کا مکمل شفاف نظام وقت کی ضرورت ہے اور لیبر ویزے پر جانے والے افراد کے پاس مستند دستاویزات ہونا ضروری ہیں۔

وزارت اوورسیز پاکستانیز پروٹیکٹر اور امیگریشن سسٹم میں بہتری کے لیے وزارت داخلہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

اجلاس میں غیر قانونی تارکین وطن اور نامکمل دستاویزات کے حامل افراد کے خلاف اقدامات، ای ڈرائیونگ لائسنس، پروٹیکٹر سٹامپ اور امیگریشن امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز، چیئرمین نادرا، ڈی جی و ڈائریکٹرز ایف آئی اے، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور تمام متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔

Scroll to Top