پاکستان نے وزیراعظم کی ہدایت پر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ نیپال کے لیے 100 ٹن انسانی امداد روانہ کردی۔
امدادی سامان اسلام آباد سے خصوصی پرواز کے ذریعے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو بھیجا گیا۔
امدادی سامان میں خیمے، کمبل، چٹائیاں، حفظانِ صحت کی کٹس اور ضروری ادویات شامل ہیں، یہ امداد نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے تعاون سے نیپال روانہ کی گئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر امدادی سامان روانگی کے موقع پر تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تھے۔
تقریب میں پاکستان میں تعینات نیپال کے سفیر، وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف کا نیپالی سفارتخانے کا دورہ، تعزیت کی، اہم اعلان بھی کردیا
پاکستان نے امداد کے ذریعے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ نیپالی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
پاکستان قدرتی آفات سے متاثرہ ممالک کی مدد اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔





