اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ انہوں نے پوری پی ٹی آئی کی قیادت کو لٹو کی طرح نچایا ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں اہم سیاسی اعلانات سامنے آنے والے ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے عملی طور پر اپنے بانی رہنما کو مائنس کر دیا ہے اور یہ سب صرف دکھاوے کے لیے سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کی کمیٹی میں بھی بانی پی ٹی آئی سے لاتعلقی کا اظہار کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ پہلے ہی سیاسی طور پر سائیڈ لائن ہو چکے ہیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو جتنی زیادہ تکلیف ہوگی، موجودہ پارٹی قیادت اتنی ہی زیادہ سیاسی فائدہ حاصل کرے گی۔
ان کے مطابق پی ٹی آئی کی پوری قیادت اب وہی زبان سمجھ رہی ہے جو انہیں سمجھائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پریس کانفرنسوں اور پارٹی اجلاسوں میں یہ واضح ہو چکا ہے کہ عمران خان کو مائنس کرنے کا عمل جاری ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے خیبرپختونخوا کے عارضی وزیراعلیٰ پر بھی سخت تنقید کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ چند سیکنڈ کی ویڈیوز بنا کر خود کو متحرک ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے نہیں گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کی ہر اچھی خبر بانی پی ٹی آئی کیلئے بری ثابت ہوتی ہے، عظمیٰ بخاری
انہوں نے کہا کہ سینیٹر خرم ذیشان جلد اپنے منصب پر برقرار نہیں رہیں گے، کیونکہ ان کے خلاف نااہلی، پابندی، گورنر راج سے متعلق پیش رفت، 9 مئی کے کیسز اور غداری سے متعلق کارروائیاں مرحلہ وار سامنے آئیں گی۔
فیصل واوڈا نے الزام عائد کیا کہ خرم ذیشان نے ڈیجیٹل دہشت گردی میں ملوث ہو کر ریاستی اداروں کے خلاف سرگرمیاں کیں، جن کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث تمام افراد کو بھی تلاش کرکے عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں سینیٹر واوڈا نے کہا کہ 11 تاریخ کے بعد پاکستان میں بہتر خبریں آنا شروع ہو جائیں گی اور ملک میں حالات بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔
اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ایک اہم فیکٹر خود مائنس ون کے عمل میں لگا ہوا ہے اور جماعت کے اندرونی معاملات سیاسی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
سینیٹر واوڈا نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس سمیت بانی پی ٹی آئی کے خلاف متعدد کیسز کا فیصلہ ہونا باقی ہے، جن کے قانونی نتائج پارٹی سیاست پر اثر انداز ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : اپوزیشن سٹیج پر باتیں اور سٹیج سے اتر کر منتیں کرتی ہے، گورنر خیبرپختونخوا
انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر ایسے عناصر موجود ہیں جو چاہتے ہیں کہ حالات مزید خراب ہوں تاکہ وہ آئندہ دو سے ڈھائی دہائیوں تک سیاست کر سکیں۔
واوڈا نے دعویٰ کیا کہ اسی خدشے کے تحت آنے والے ایک ماہ کے دوران جیلوں میں بھی تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کچھ حلقے بین شریعت ذائقوں اور تعویز جیسی چیزوں پر بھی یقین رکھتے ہیں، مگر ملک کو ایسے حالات کی طرف نہیں دھکیلا جا سکتا۔
فیصل واوڈا کے مطابق پی ٹی آئی میں موجود بعض ذمہ داران کے منصوبے خطرناک نوعیت کے ہیں اور ان کا بروقت سدباب ضروری ہے۔





