خیبر پختونخوا میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ،ملکی توانائی کے شعبے کے لیے خوشخبری

اسلام آباد: ملک میں توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں واقع نشپا بلاک میں تیل و گیس کے نئے ذخائر دریافت ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے ترجمان کے مطابق براگزئی ایکس ون کنویں سے یومیہ 2,280 بیرل خام تیل حاصل ہونے کا تخمینہ ہے، جبکہ یومیہ 56 لاکھ مکعب فٹ گیس بھی پیداوار میں شامل ہوگی۔

ترجمان نے کہا کہ یہ دریافت ملکی توانائی ضروریات میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ نشپا بلاک میں کنگریالی فارمیشن سے یہ پہلی ہائیڈرو کاربن دریافت ہے، جس کے لیے براگزئی ایکس ون کنویں کی ڈرلنگ 5,170 میٹر گہرائی تک مکمل کی گئی۔

اس دریافت کو او جی ڈی سی ایل کی حالیہ برسوں کی بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے ایک اور اہم رہنما نے پارٹی سے راہیں جدا کر لیں

ملیحاتی شراکت داری کے حوالے سے ترجمان نے بتایا کہ نشپا بلاک میں او جی ڈی سی ایل 65 فیصد حصے کے ساتھ آپریٹر ہے، جبکہ پی پی ایل کے حصے میں 30 فیصد اور جی ایچ پی ایل کے پاس 5 فیصد حصہ ہے۔

کمپنی کے مطابق نئی دریافت سے او جی ڈی سی ایل کے ذخائر میں اضافہ ہوگا اور ملکی سطح پر قدرتی وسائل کی دستیابی بہتر بنے گی، جس سے درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

Scroll to Top