آن لائن پاسپورٹ فنگر پرنٹس کی تصدیق کے لیے نیا نظام متعارف

اسلام آباد: ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی کاوشوں اور نادرا کے تعاون سے آن لائن پاسپورٹ درخواست گزاروں کے فنگر پرنٹس کی تصدیق کا نیا نظام متعارف کروا دیا گیا ہے۔

یہ نظام درخواست دہندگان کو فنگر پرنٹس کی تصدیق میں پیش آنے والے تکنیکی مسائل سے نجات دلائے گا اور شہریوں کے لیے سہولت کو یقینی بنائے گا۔

نئی سہولت کے تحت پاسپورٹ درخواست گزار اب نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے اپنی فنگر پرنٹس کی تصدیق باآسانی کر سکیں گے۔

اگر کسی درخواست گزار کے فنگر پرنٹس کی تصدیق میں کسی وجہ سے دشواری پیش آئے تو چہرے کی تصدیق کا آپشن بھی دستیاب ہوگا، جس سے تصدیقی عمل مزید مؤثر اور تیز ہوگا۔

ڈی جی پاسپورٹس مصطفیٰ جمال قاضی نے کہا کہ شہریوں کی آسانی کے لیے ہر ممکن جدید سہولیات متعارف کروانے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اقدام خصوصی طور پر اوورسیز پاکستانیوں اور سینئر سٹیزنز کے لیے مفید ثابت ہوگا، جنہیں آن لائن فنگر پرنٹس کی تصدیق میں پہلے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : برطانیہ میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے نادرا کی بڑی سہولت

نادرا کی ٹیکنالوجی اور ڈی جی پاسپورٹس کے جدید اقدامات کی بدولت اب پاسپورٹ درخواست گزار بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی شناخت کی تصدیق کر سکیں گے، جس سے آن لائن پاسپورٹ سروس میں شفافیت اور اعتماد مزید بڑھ جائے گا۔

نظام کے متعارف ہونے کے بعد اوورسیز پاکستانی اور سینئر شہری اب اپنے موبائل فون یا نادرا کی ویب سروس کے ذریعے فوری اور محفوظ طریقے سے اپنی فنگر پرنٹس کی تصدیق کر سکتے ہیں، جس سے پاسپورٹ کے حصول کا عمل تیز اور آسان ہو گیا ہے۔

Scroll to Top