اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے تحفظ اور نظام میں شفافیت کے فروغ کے لیے اہم اقدام کیا ہے۔
اب پروٹیکٹر سمیت کسی بھی سرکاری یا متعلقہ عمل کے لیے فیس یا چارجز کی نقد وصولی مکمل طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے اس ضمن میں متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو باقاعدہ مراسلہ جاری کیا ہے، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ بیرونِ ملک ملازمت کے خواہشمند امیدوار تمام ادائیگیاں صرف بینک یا منظور شدہ آن لائن اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے کریں گے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز بھی امیدواروں سے کسی قسم کی کیش وصولی نہیں کریں گے اور تمام ادائیگیاں صرف منظور شدہ بینک یا ڈیجیٹل طریقوں کے ذریعے ہی قابل قبول ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں : اوگرا نے آر ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے لائسنس منسوخ کیے جا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ہر ماہ ہزاروں پاکستانی شہری روزگار کے لیے بیرونِ ملک روانہ ہوتے ہیں، اور یہ اقدام ان کے حقوق کے تحفظ اور فراڈ سے بچاؤ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔





