راولپنڈی: پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں FM-90(N) ER زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کی لائیو ویپن فائرنگ کا کامیاب تجربہ کیا، جس کے دوران بحریہ کی جنگی صلاحیت اور فضائی دفاعی تیاریوں کا عملی مظاہرہ سامنے آیا۔
فائر پاور کے دوران پاک بحریہ کے ایک جہاز نے انتہائی مؤثر انداز میں فضائی اہداف کو نشانہ بنایا، جس سے نہ صرف افواج کی تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کی تصدیق ہوئی بلکہ قومی دفاعی صلاحیت میں بھی اضافے کا عندیہ ملا۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ نے پاکستان نیوی فلیٹ یونٹ پر سمندر میں براہ راست فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور افسران و جوانوں کی اعلیٰ سطحی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور آپریشنل اہلیت کو سراہا۔
انہوں نے اس موقع پر پاک بحریہ کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ ہر حال میں قومی بحری مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستانیوں کے لیے بیرونِ ملک روزگار کا راستہ آسان بنانے کا بڑا اقدام
پاک بحریہ کے اس کامیاب تجربے سے یہ واضح ہوا کہ افواجِ پاکستان اپنی جدید جنگی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سمندری دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل تربیت اور جدید اسلحہ نظام کی جانچ کر رہی ہیں۔
اس تجربے کا مقصد بحریہ کی فضائی دفاعی استعداد کو جانچنا اور ہر قسم کے سمندری خطرات کے لیے تیاری کو یقینی بنانا تھا، جس میں افسران اور جوانوں نے بھرپور مہارت اور تربیت کا مظاہرہ کیا۔





