محمد اعجاز آفریدی
خیبرپختونخوا حکومت نے کرسمس کے پیش نظر مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کو تنخواہ اور پنش ایڈوانس میں دینے کافیصلہ کیا ہے ۔
س سلسلے میں محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، تمام انتظامی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ حکام کے نام مراسلہ جاری کردیاہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد ہائی کورٹ نے افغان شہری کی ملک بدری عارضی طور پر روک دی
محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیاہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مسیحی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو کرسمس 2025 کے موقع پر دسمبر 2025 کی تنخواہیں اور پنشن ایڈوانس میں ادا کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے۔
محکمہ خزانہ کے جاری کردہ مراسلے کے مطابق صوبائی حکومت کے تمام مسیحی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو دسمبر 2025 کی تنخواہ اور پنشن 20 دسمبر 2025 کو ادا کی جائے گی، تاکہ وہ کرسمس کی خوشیاں بہتر انداز میں منا سکیں۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ اقدام فیڈرل ٹریژری رولز کے تحت اٹھایا گیا ہے، جس کے مطابق اگر عیدالفطر، عیدالاضحیٰ یا کرسمس ماہ کے آخری دنوں میں آ رہا ہو تو ملازمین اور پنشنرز کو تنخواہ یا پنشن تہوار سے پانچ دن قبل ادا کی جائے گی۔
محکمہ خزانہ نے تمام متعلقہ محکموں، ضلعی انتظامیہ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، عدالتوں، خودمختار و نیم خودمختار اداروں، بینکوں اور اکاؤنٹس دفاتر کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسیحی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ملازمین اور پنشنرز کو بروقت ادائیگی یقینی بنانے کے لیے فوری انتظامات کریں۔





