شناختی کارڈ کی وصولی ،نادرا نے نئی ہدایات جاری کردیں

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نادرا دفاتر سے وصول کریں بصورت دیگر انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

نادرا کے مطابق شناختی کارڈ کی درخواست جمع کروانے کے بعد مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل کارڈ وصول کرنا نہایت ضروری ہے۔

نادرا نے واضح کیا ہے کہ تازہ پالیسی کے تحت اگر نامزد ترسیلی تاریخ کے بعد تین ماہ کے اندر سی این آئی سی وصول نہ کیا گیا تو اسے منسوخ کر دیا جائے گا۔ اس صورت میں شہریوں کو نئے شناختی کارڈ کے لیے دوبارہ درخواست دینا ہوگی اور مقررہ فیس بھی دوبارہ ادا کرنا پڑے گی۔

یہ بھی پڑھیں : فیس ادائیگی اور فارم کی تصدیق ، نادرا نے شہریوں کیلئے آسانی پیدا کردی

اتھارٹی نے شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان آئی ڈی موبائل ایپ کے استعمال اور ہوم ڈیلیوری سروس اختیار کرنے کی بھی ترغیب دی ہے، جس کے ذریعے شناختی کارڈ براہ راست گھر کے پتے پر وصول کیا جا سکتا ہے اور نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں رہتی۔

نادرا کے مطابق نئے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کے اجرا کے لیے مختلف سروس کیٹیگریز متعارف کرائی گئی ہیں۔ عام سروس بالکل مفت ہے جس میں شناختی کارڈ 15 دن میں تیار کیا جاتا ہے۔

فوری ضرورت کے تحت ارجنٹ سروس منتخب کرنے پر 1,150 روپے فیس کے ساتھ 12 دن میں شناختی کارڈ جاری کیا جاتا ہے، جبکہ ایگزیکٹو سروس کے تحت 2,150 روپے فیس ادا کرنے پر صرف 6 دن میں شناختی کارڈ فراہم کر دیا جاتا ہے۔

Scroll to Top