دھند کی شدت کے باعث موٹروے ایم فور خانیوال سے ملتان تک اور موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق یہ اقدام مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کیونکہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
ترجمان نے مسافروں کو ہدایت کی کہ وہ موٹروے پر سفر کے دوران لین ڈسپلن کی پابندی کو یقینی بنائیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں کیونکہ دھند کی صورت میں صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کا وقت نسبتاً محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
موٹروے پولیس نے ڈرائیوروں پر زور دیا ہے کہ وہ فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار مناسب رکھیں اور آگے چلنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں۔ عوام کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن 130 کو فعال رکھا گیا ہے جہاں کسی بھی قسم کی رہنمائی یا مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
موٹروے پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور مسافروں کی حفاظت کے لیے ہنگامی اقدامات بھی جاری رکھے گئے ہیں، تاکہ دھند کے موسم میں ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔





