نوشہرہ،سی این جی پمپ پر سلنڈر دھماکہ، 2 افراد زخمی

فضل نبی

نوشہرہ کےعلاقے جھانگیرہ میںسی این جی اسٹیشن پر ایل پی جی سلنڈرکےدھماکے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔

جھانگیرہ میں واقع ایک سی این جی اسٹیشن پر اس وقت خوفناک آگ لگ گئی جب ایک ٹینکر میں موجود ایل پی جی سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔

دھماکے کے بعد آگ نے پوری عمارت کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ اسٹیشن میں موجود دیگر سلنڈر بھی یکے بعد دیگرے پھٹتے رہے،جس سے علاقہ زوردار دھماکوں سے گونج اٹھا۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان نیبل خان کے مطابق ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن شروع کیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

دھماکے اور آگ کے باعث اسٹیشن کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے جبکہ اس میں موجود شاپ اور متعدد گاڑیاں بھی جل کر خاکستر ہوگئیں۔

ڈی ایس پی اکوڑہ سرکل جواد خان پولیس نفری کے ساتھ موقع پر موجود ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن کی نگرانی ضلعی ریسکیو آفیسر کر رہے ہیں۔ آپریشن بدستور جاری ہے۔

Scroll to Top