خاموش قاتل دھند نے موٹر وے پر قیامت ڈھا دی،3افراد جاں بحق ، شدید دھند کے باعث صادق آباد میں بس حادثہ، عوام کے لیے انتباہ جاری
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک نظام درہم برہم ہو گیا، جبکہ پنجاب کے شہر صادق آباد میں جمالدین والی ایئرپورٹ کے قریب افسوسناک حادثے میں تین افراد جاں بحق اور پندرہ زخمی ہو گئے۔ حادثہ شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک مسافر بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب شدید دھند کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں میں نظامِ زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔ موٹروے پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر متعدد موٹرویز ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی ہیں۔ موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم تھری درخانہ سے رجانہ تک، موٹروے ایم فور خانیوال سے ملتان اور شورکوٹ سے عبدالحکیم تک جبکہ موٹروے ایم فائیو ملتان سے روہڑی تک بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ دھند کے دوران حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے اور لین کی خلاف ورزی یا تیز رفتاری جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اسی لیے موٹرویز کی عارضی بندش ناگزیر ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں۔ ان کے مطابق دھند کے دوران صبح دس بجے سے شام چھ بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔
ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس کے استعمال، مناسب رفتار برقرار رکھنے، اگلی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھنے اور لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ کسی بھی رہنمائی یا ہنگامی صورتحال میں موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خشک اور سرد موسم برقرار رہے گا، تاہم بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو دھند کے باعث محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔
طبی ماہرین نے سرد اور خشک موسم کے پیش نظر نزلہ، زکام اور دیگر موسمی بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے اور شہریوں کو گرم لباس پہننے، گرم مشروبات کے استعمال اور غیر ضروری طور پر ٹھنڈی ہوا سے بچنے کی ہدایت کی ہے





