ٹرمپ کا کرپٹ نظام کے خاتمے اور بائیڈن پالیسیوں کی واپسی روکنے کا اعلان

واشنگٹن : امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کرپٹ نظام کے خاتمے کے لیے بھاری مینڈیٹ ملا ہے اور وہ بائیڈن دور کی پالیسیاں دوبارہ نافذ ہونے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی عوام نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا اور ان کی قیادت میں ملک نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔

صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایک سال کے دوران ان کی حکومت نے وہ کامیابیاں حاصل کیں جو ماضی میں کوئی حکومت حاصل نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ صرف 10 ماہ کے عرصے میں 8 جنگیں رکوائی گئیں، جو ان کی خارجہ پالیسی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو روایتی سیاست اور قانون سازی سے آگے بڑھ کر نئے وژن اور مضبوط قیادت والے صدر کی ضرورت تھی، اور عوام نے انہیں یہی ذمہ داری سونپی۔

ٹرمپ کے مطابق ان کے اقتدار میں آنے کے بعد امریکا بدترین حالات سے نکل کر بہترین مقام پر پہنچا۔

صدر ٹرمپ نے معیشت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے جبکہ امریکی شہریوں کی تنخواہوں میں بھی واضح اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فرانس کی وزارت داخلہ کی ویب سائٹس پر سائبر حملہ، حساس ڈیٹا لیک

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت امریکا میں برسرِ روزگار افراد کی تعداد ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے، جو مضبوط معیشت کی عکاس ہے۔

قوم سے خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایک سال قبل امریکا ناکامی کے دہانے پر کھڑا تھا، تاہم ان کی پالیسیوں کے نتیجے میں کھربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ممکن بنائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسوں میں کی گئی کمی کے مثبت نتائج آئندہ سال مزید واضح طور پر سامنے آئیں گے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ امریکا کو مضبوط، خوشحال اور خودمختار بنانے کے لیے اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

Scroll to Top